نئی دہلی،30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) آسام کے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس کا فائنل ڈرافٹ پیر کو جاری کردیا گیا ۔ این آر سی کے کوآرڈنیٹر پرتیک ہزیلا نے مسودہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 3.29کروڑ درخواست دہندگان میں سے 2.90 کروڑ جائز شہری پائے گئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس حتمی مسودے میں تقریبا 40 لاکھ افراد کے نام نہیں ہیں۔
این آر سی کے اس فائنل ڈرافٹ میں بی جے پی ممبر اسمبلی رماکانت اور ان کے کنبہ کے دیگر افراد کا نام غائب ہے ۔علاوہ ازیں فوج کے سابق افسر اجمل حق ، وزیر اعلی کے سیکورٹی گارڈ میں رہ چکے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ( اے ایس آئی) شاہ عالم کا نام بھی فہرست میں ندارد ہے ۔ ادھر بی جے پی ممبر اسمبلی رما کانت کا کہنا ہے کہ اس فہرست میں اپنا نام شامل کرانے کیلئے وہ آئندہ بھی کوئی درخواست نہیں داخل کریں گے ۔
ادھر فائنل ڈرافٹ کو لے کر مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر تیکھا حملہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کئی لوگ ایسے ہیں جن کے پاس آدھار کارڈ ہے ، پاسپورٹ ہے ، لیکن پھر بھی ان کا نام ڈرافٹ سے غائب ہے، کیا حکومت زبردستی انہیں باہر نکالنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر ووٹ کی خاطر بنگلہ زبان بولنے والوں کو نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا ۔
ممتا بنرجی نے ساتھ ہی ساتھ سوال کیا کہ جن 40 لاکھ لوگوں کا نام ہٹادیا گیا ہے وہ آخر کہاں جائیں گے ؟ ۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا مرکز کے پاس ان کی بازآبادکاری کی کوئی اسکیم ہے ؟ آخر کار بنگال کو ہی اس سے پریشان ہونا پڑے گا ، یہ سب بی جے پی کی صرف ووٹ کی سیاست ہے ۔